امریکا میں ڈرون اب کس کام کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔۔۔؟ پوری دنیا کے لیے کام کی خبر آگئی

ٹیکساس:یونیسیف کی جانب سے ویکسی نیشن کی ترسیل کے لیے ڈرون کے استعمال کے بعد امریکا میں بھی اسپتالوں اور جائے حادثہ پر طبی امدادی سامان کی فراہمی کے لیے ڈرون کو اُڑانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔جنگ زدہ علاقوں اور کسی ناگہانی آفت میں مریضوں کی آمد و رفت کے لیے ایمبولینس کافی کارآمد ثابت ہوتی ہیں تاہم جائے حادثہ

پر فوری طبی امداد کی غرض سے طبی ساز و سامان کی ترسیل کے لیے ایمبولینس راستے بند ہونے، جام ہونے یا ناکافی تعداد کے باعث استعمال نہیں ہو پاتیں، اسی طرح خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے لیے کلیکشن سینٹر سے اسپتال اور مرکزی لیب تک نمونوں کی ترسیل میں بھی مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔طبی ماہرین اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لیے طبی سامان اور خون و پیشاب کے نمونوں کی ترسیل کے لیے خصوصی ڈرون تیار کرلیے ہیں جو طبی سامان (ادویات و انجیکشن) اور خون کے نمونوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مقرر کردہ درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ڈرون کسی ایمبولینس یا نجی گاڑی کے مقابلے میں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ جاتے ہیں اسی طرح جنگ زدہ علاقوں میں بھی ان کی آمدورفت نسبتاً آسان رہتی ہے۔یونیسیف بھی دوردراز علاقوں اور جزیروں میں ویکسی نیشن کی ترسیل کے لیے طبی امدادی سامان سے لیس ڈرون کے استعمال پر غور کر رہی ہے جس کا پہلا تجربہ گزشتہ موسم گرما میں افریقی ملک ملاوی میں کیا گیا تھا جہاں فارما سیوٹیکل کمپنیز اور یونیورسٹیز کے لیے ’ڈرون کوری ڈور‘ فراہم کی گئی تھی تاہم حال

ہی میں یونیسیف نے مشرقی آسٹریلیا کے 80 جزیروں میں ویکسی نیشن کی فراہمی کے لیے ’ میڈیکل ڈرون‘ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو مدعو کرلیا ہے۔یونیسیف کے ’وینچر کیپیٹل آرم‘ کے سربراہ کرسٹوفر فیبیئن کا کہنا ہے کہ ادویات اور ویکسی نیشن کی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ترسیل ایک بہترین نظام ہے جس کے لیے ہمیں فراغ دلی سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ڈرون کی محفوظ اڑان کے لیے فضائی پابندیوں سے متعلق قوانین کو بھی نرم کرنا چاہیے، کسی بھی جدید سہولت کو عوام تک پہنچانا چاہیے۔امریکا میں بھی طبی ڈرون کی اہمیت کو سراہا جارہا ہے تاہم امریکی حساس ادارے اور محکمہ ایوی ایشن ڈرون کو اڑان بھرنے کی اجازت دینے میں ہچکچاہٹ کا سامنا رہا ہے تاہم چند بنیادی اصول و ضوابط کی پاسداری کے ساتھ طبی کمپنیوں اور اداروں کو میڈیکل سامان سے لیس ڈرون کو ابتدائی طور پر ٹیکساس، فلوریڈا اور پورٹو ریکو میں اڑان کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے لیے قانون سازی پر غور کیا جارہا ہے۔